سینیٹ کی نشستیں بڑھانے،پنجاب کی حدبندی،نیاصوبہ بنانےکابل پیش

تحریک انصاف نے سینیٹ میں نشستیں بڑھانے، ریاض فتیانہ نے پنجاب کی نئی حد بندی اور نیا صوبے بنانےکا بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں نشستوں کی تعداد 96 سے بڑھا کر 113 کرنے کی تجویز پر مشتمل آئین کے آرٹیکل 59 میں ترمیم کا بل پیش کیا گیا۔ اس میں خواتین، ٹیکنوکریٹس اور اقلیتوں کی نشستوں میں اضافہ بھی شامل ہے، یعنی ہر صوبے میں ان نشستوں کو 4 سے بڑھا کر 5 کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

دوسری جانب، رکن قومی اسمبلی ریاض حسین فتیانہ نے آئین کے آرٹیکلز 51 اور 59 میں ترمیم کا بل پیش کیا، جس میں صوبہ پنجاب کی نئی حد بندی کر کے ایک نیا صوبہ "مغربی پنجاب” بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔

بل کے مطابق، بڑھتی آبادی اور انتظامی مسائل کے باعث صوبے کی تقسیم ناگزیر ہو چکی ہے۔ مجوزہ مغربی پنجاب میں فیصل آباد ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن شامل ہوں گے، جہاں پنجاب کا دوسرا بڑا جنگل، ایک بڑی زرعی یونیورسٹی اور اہم صنعتی مرکز واقع ہیں۔

Back to top button