قطر کی ایران کے 6 ارب ڈالر تہران منتقل ہونےکی خبروں کی تردید

قطر نے ایران کے 6 ارب ڈالر تہران منتقل ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ یہ رقم ایران کی جنوبی کوریا میں تیل کی برآمد سے حاصل شدہ آمدنی ہے جو کہ امریکا ایران قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت قطر منتقل ہوئی تھی۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان 5،5 قیدیوں کے تبادلے کے بعد یہ رقم جنوبی کوریا سے قطر منتقل کی گئی تھی۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ کے مطابق امریکی شہریوں کی رہائی کے باوجود رقم اب تک ایران کے حوالے نہیں کی گئی، ایرانی فنڈز قطر کے بینکوں میں موجود ہیں اور امریکی پابندیوں کے تحت ہیں۔
قطر نے واضح کیا ہےکہ ایران کو 6 ارب ڈالر تک براہ راست رسائی حاصل نہیں، ایرانی صدر کے اعلان کے باوجود منجمد فنڈز کی تہران منتقلی تاحال نہیں ہوئی۔
قطر کا کہنا ہےکہ ایرانی فنڈز ، قطر کی ملکیت نہیں بلکہ ایران کے اثاثے ہیں، ایرانی فنڈز کے استعمال اور منتقلی پر اب بھی امریکی نگرانی برقرار ہے۔
