قطر امریکا کا قریبی اتحادی ہے،اسرائیل مزید حملے نہیں کرے گا، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل قطر پر مزید حملے نہیں کرے گا، کیونکہ قطر امریکا کا قریبی اور اہم اتحادی ملک ہے۔

ترکیہ کے خبر رساں ادارے ’انادولو‘ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے حوالے سے کہا کہ ’’وہ قطر پر حملہ نہیں کرے گا‘‘۔ ٹرمپ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ قطر ایک بہترین اتحادی ثابت ہوا ہے، اگرچہ بہت سے لوگ اس حقیقت سے آگاہ نہیں، تاہم نیتن یاہو قطر کو نشانہ نہیں بنائے گا، البتہ یہ ممکن ہے کہ وہ قطر میں موجود حماس رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا سوچے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق ٹرمپ کے اس مبہم بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ اسرائیلی حکومت براہ راست قطر کو ہدف بنانے کے بجائے وہاں موجود حماس قیادت کو نشانہ بنانے کے دیگر طریقوں پر غور کر سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اس رپورٹ کی بھی تردید کی جو امریکی ویب سائٹ ’ایکسیوس‘ نے شائع کی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نیتن یاہو نے ذاتی طور پر انہیں دوحہ پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا: ’’انہوں نے مجھے ایسی کوئی اطلاع نہیں دی تھی، جب مجھ سے پوچھا گیا کہ حملوں کا کیسے علم ہوا تو میرا جواب وہی تھا جو آپ کو ہے‘‘۔

حالیہ حملوں کے بعد وائٹ ہاؤس نے وضاحت دی تھی کہ امریکی فوج نے انتظامیہ کو اس وقت آگاہ کیا جب اسرائیلی میزائل پہلے ہی فضا میں داغے جا چکے تھے، اس لیے صدر کے پاس اعتراض کرنے یا روکنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔

دوسری جانب، دوحہ میں ہونے والے عرب-اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس میں رہنماؤں نے اسرائیلی جارحیت پر شدید ردعمل دیا اور خبردار کیا کہ قطر پر حملے خطے کے لیے خطرناک نتائج کا سبب بن سکتے ہیں۔ اجلاس میں اجتماعی اور مربوط حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا گیا تاکہ اسرائیل کی جانب سے مشرق وسطیٰ پر نئی حقیقت مسلط کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’قنا‘ کے مطابق اجلاس کے حتمی اعلامیے میں دوحہ پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیلی جارحیت خطے میں امن کے کسی بھی امکان کو کمزور کرتی ہے اور اس کے خلاف مشترکہ محاذ بنانا ناگزیر ہے۔ مزید کہا گیا کہ اگر اسرائیل کے منصوبے کامیاب ہونے دیے گئے تو یہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی سلامتی کے لیے بھی براہ راست خطرہ ثابت ہوں گے۔

Back to top button