راناثنااللہ کی پی ٹی آئی کواسلام آبادچڑھائی پرسنگین نتائج کی دھمکی

وزیراعظم مشیررانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کوشش کرکے دیکھ لے اس بار اسلام آباد نہیں آ سکتی، ایسی کسی بھی کوشش کا سخت جواب دیا جائےگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہاکہ تحریک انصاف اس بار اٹک پل بھی کراس نہیں کر سکے گی، پچھلی بار جو خامیاں رہ گئی تھیں اس بار دور کرلی جائیں گی۔

وزیراعظم کے مشیرنے کہا کہ عمران خان انتظار کررہے تھے کہ ملک میں انارکی پھیلے اور افراتفری ہو لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ بات چیت کرنے کا ایک طریقہ ہوتا ہے لیکن پی ٹی آئی اس کیلئے سنجیدہ ہی نہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کی قیادت اگر عمران خان سے ملاقات کرنا چاہتی ہے تو اس پر ہم سے براہ راست بات چیت کی جائے۔پی ٹی آئی کو اس بار ڈی چوک تو دور کی بات، اسلام آباد کی حدود میں بھی نہیں آنے دیا جائےگا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اگر انہیں عمران خان سے ملاقات نہ کرنے دی گئی تو وہ عوامی تحریک شروع کردیں گے۔

قبل ازیں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حالیہ طرز عمل اور بیانات پر اٹھنے والے شکوک و شبہات بلاجواز نہیں ہیں، کیونکہ اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے پی ٹی آئی کے دستے کی قیادت خود سہیل آفریدی کر چکے ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ اسلام آباد پر حملہ آور گروہ کی سربراہی کے شواہد موجود ہیں اور اسی بنیاد پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر سوالات اٹھائے گئے۔

Back to top button