سندھ میں کہیں بھی آئین و قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی،فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا ناانصافی اور ظلم کا سلسلہ جاری ہے، سندھ میں کہیں بھی آئین و قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں ایک ایک لاوا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا تو 1985 جیسی صورتحال سڑکوں پر نہ ہوجائے۔کراچی میں ایک بار پھر پختون اور مہاجر فسادات کا اسٹیج تیار کیا جارہا ہے، میں نہیں جانتا اس کے ہیچھے کون ہیں لیکن اگر نادانستہ طور پر بھی ہورہا ہے تو اسے روکا کیوں نہیں جارہا؟ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری بےرحمی کے ساتھ ڈمپر مافیا کا شکار ہیں، پہلے ٹرانسپورٹ مافیا ہوتا تھا اور اب ڈمپر مافیا گھوم رہا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور پی پی پی کے سربراہ نے ڈمپر مافیا کے خلاف ایک بھی بیان نہیں دیا، سندھ حکومت نے ڈمپر مافیا کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ اگر آفاق احمد نے بیان دیا ہے اور اس کی عجلت میں گرفتاری ہوئی ہے تو اس کی ہم مذمت اور اس کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔