اداکارہ صبا قمر نے شادی کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا

آئینہ، منٹو، لاہور سے آگے، ہندی میڈیم سمیت پاکستانی و بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ اگر شادی کرنے کیلئے شوبز انڈسٹری کو چھوڑنا پڑا تو دیر نہیں لگائوں گی۔
صبا قمر نے 2021 کے آغاز میں بھی پاکستانی نژاد آسٹریلوی کاروباری شخص اور یوٹیوبر عظیم خان سے جلد شادی کرنے کا عندیہ دیا تھا، تاہم بعد ازاں عظیم پر لڑکیوں کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات سامنے آنے کے بعد اداکارہ نے ان سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اب ایک سال بعد اداکارہ بار بار اپنے انٹرویوز میں شادی اور تعلقات پر بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے ایک ہفتہ قبل ہی عندیہ دیا تھا کہ ممکنہ طور پر وہ رواں برس کے اختتام تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی۔
اسامہ بن لادن کو ایبٹ آباد میں کس نے چھپا رکھا تھا؟
اب صبا قمر نے ایک تازہ انٹرویو میں اپنی شادی سے متعلق مزید باتیں کرتے ہوئے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد شوبز چھوڑنے کا عندیہ بھی دے دیا۔ انہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی نئی فلم ’کملی‘سمیت دیگر کرداروں پر بھی بات کی، اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں تصدیق کی کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایک شخص کے ساتھ تعلقات میں ہیں جسکے بعد ان کا محبت سے متعلق خیال ہی تبدیل ہوگیا۔ اداکارہ نے اس شخص سے متعلق واضح طور پر معلومات دینے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ وہ غیر ملکی ہے مگر مسلمان ہے۔ صبا قمر نے یہ واضح نہیں کیا کہ جس شخص سے ان کے تعلقات ہیں اور جن سے وہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، وہ پاکستانی نژاد ہے یا پیدائشی طور پر غیر ملکی شہری ہیں؟
اداکارہ کے مطابق وہ جلد شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ساتھ ہی اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ شادی کے بعد اپنے ہونے والے شوہر کے ساتھ فریضہ حج ادا کرنے جائیں گی۔ ایک اور سوال پر صبا قمر نے بتایا کہ شادی کے بعد وہ شوبز کیریئر برقرار نہیں رکھ پائیں گی اور اگر انہیں انکے شوہر اداکاری چھوڑنے کا کہیں گے تو وہ ان کے لیے یہ قدم بھی اٹھانے کو تیار ہیں۔
صبا قمر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ شادی کے بعد وہ شوہر کے ہمراہ مل کر گھر میں اداکاری کریں گی، تاہم سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی رہیں گی۔ اداکارہ کی جانب سے گزشتہ چند ہفتوں کے درمیان بار بار شادی سے متعلق باتیں کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر رواں برس موسم سرما میں رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی۔
