’’نوکری جانے کے بعد اداکاری کی دنیا میں آنے والی صنم جنگ‘‘

معروف اداکارہ صنم جنگ نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز کی دنیا میں آنے سے قبل انہیں اداکاری کے متعلق کچھ علم نہیں تھا، بطور وی جے ملازمت شروع کی لیکن جاب زیادہ دیر نہ چل سکی، جس کے بعد اداکاری شروع کی تو پہلے ہی ڈرامے سے مسترد کر دیا گیا۔حال ہی میں صنم جنگ ایکسپریس ٹی وی کے پروگرام ’’دی ٹاک ٹاک شو‘‘ میں شریک ہوئی جہاں اُنہوں نے انکشاف کیا کہ اُنہیں ان کے پہلے ڈرامے کیلئے مسترد کر دیا گیا تھا۔

صنم جنگ نے بتایا کہ اُنہوں نے اپنا ایم بی اے مکمل کیا اور اس کے بعد اپنے کیرئیر کا آغاز بطور وی جے کیا تاہم کچھ دنوں بعد اُن کی نوکری ختم ہوگئی، جس کے بعد وہ بے روزگار تھیں کہ نینا کاشف نے اُنہیں دل مضطر کے لیے آڈیشن دینے کیلئے بُلایا۔اداکارہ نے بتایا کہ اُنہوں نے آڈیشن دیا لیکن انہیں اس ڈرامے کے ہدایتکار رومی انشا نے مسترد کر دیا، ہدایتکار کا کہنا تھا کہ صنم جنگ اداکارہ نہیں، صنم جنگ نے بتایا کہ انہوں نے مجھے خود بلایا، پھر مسترد کر دیا اور گھر بھیج دیا لیکن بعد میں ہدایتکار کو تبدیل کر دیا گیا کیونکہ وہ مجھ سے متفق نہیں تھے۔

صنم جنگ نے بتایا کہ اس کے بعد یہ ڈرامہ شہزاد کشمیری نے ڈائریکٹ کیا اور اس طرح اُنہیں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا موقع ملا، صنم جنگ کا کہنا تھا کہ اُنہیں لگتا ہے کہ جب کوئی چیز آپ کے لیے لکھ دی گئی ہوتی ہے تو وہ آپ کو مِل جاتی ہے۔اداکارہ صنم جنگ نے دل مضطر سے ڈیبیو کرنے کے بعد ہم ٹی وی کے ساتھ کافی ڈراموں میں کام کیا، ان کا دوسرا ڈرامہ محبت صبح کا ستارہ تھا، اس کے بعد میرے ہم دم میرے دوست ریلیز ہوا۔ 2015 میں صنم جنگ نے ہم ٹی وی کے ڈرامہ الوداع میں کام کیا جس کو کافی سراہا گیا، اس کے بعد ڈرامہ سیریل میں نہ جانو، قرار، پیاری مونا میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، رواں برس اداکارہ نے آے آر وائی کے ڈرامہ اب نہیں ملیں گے ہم میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

یاد رہے کہ اداکار عمران عباس کے ساتھ صنم جنگ کا پہلا ڈرامہ ’’دل مضطر‘‘ تھا جس نے انہیں بے پناہ شہرت دی اور پھر انہوں نے کبھی مُڑ کر نہیں دیکھا، صنم جنگ اِن دِنوں ایکسپریس ٹی وی کے ڈرامے ’’پیاری مونا‘‘ میں نظر آ رہی ہیں جس کو شائقین کی جانب سے بہت سراہا جا رہا ہے۔

Back to top button