سعودی عرب نےایران کےقطرپرحملےکی مذمت کردی

سعودی عرب نے قطر میں ایرانی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ریاستِ قطر سے مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی طرف سے قطر پر کیا گیا حملہ بین الاقوامی قوانین، سفارتی آداب اور حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس طرح کی جارحیت ناقابلِ قبول ہے اور اس کے لیے کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ مملکتِ سعودی عرب قطر کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور قطر کے کسی بھی جائز اقدام کی مکمل حمایت کرے گی۔یہ مؤقف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور کئی خلیجی ممالک نے احتیاطی تدابیر کے تحت اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ ایران نے حالیہ دنوں میں قطر میں واقع امریکی فوجی اڈے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے، جس پر قطر نے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔