ملک کوڈیفالٹ سےبچایا،ریاست کیلئےسیاست قربان کردی،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کاکہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،ریاست کیلئے سیاست قربان کردی۔کل وزیراعظم تمام حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے۔

عطا اللہ تارڑ کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ4 مارچ 2025ءکو مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت کا ایک سال مکمل ہو جائے گا، محمد شہباز شریف نے 4 مارچ 2024ءکو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ ملک کی سمت کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں چل رہی تھیں، بہت سے لوگوں نے شرطیں لگا رکھی تھیں کہ معیشت نہیں سنبھلے گی، ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر ہے، ایک سیاسی جماعت نے پاکستان کے خلاف آئی ایم ایف کو خطوط لکھے۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ کچھ چیزیں سیاست سے بالاتر ہوتی ہیں، ہم نے ریاست کے لئے اپنی سیاست قربان کر دی، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی مفاد میں فیصلے کئے گئے۔مہنگائی 1.5 فیصد کی کم ترین سطح پر آ چکی ہے، 9 سال پانچ ماہ پہلے ستمبر 2015 میں مہنگائی 1.3 فیصد تھی، ساڑھے 9 سال کے بعد آج مہنگائی کی کم ترین سطح ہے، شرح سود میں کمی ہوئی، سٹاک ایکسچینج میں بہتری آ رہی ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خارجہ محاذ پر پی ٹی آئی دور حکومت میں پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا، وزیراعظم کے دورہ ازبکستان کے موقع پر پاکستان کا پرچم ہر شاہراہ پر دیکھا گیا، عالمی سطح پر پاکستان کے لئے اچھے جذبات اور تاثرات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

وزیر اطلاعات  کہنا تھا کہ پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ ہو رہے ہیں، پاکستان میں ایک بار پھر کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں، سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے، آج ہر ملک پاکستان کی تعریف کر رہا ہے، مختلف ممالک کے سربراہان پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

Back to top button