کرم،سکیورٹی فورسز کاآپریشن،7 خوارج ہلاک، کیپٹن سمیت 6 جوان شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی،7 خوارج کو ہلاک کردیا،فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع کرم کے علاقے میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیا۔

فورسز کے جوانوں نے آپریشن کے دوران مؤثر کارروائی کے نتيجے میں 7 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم اپنے 5 ساتھیوں کے ساتھ جام شہادت نوش کرگئے۔

شہید ہونے والے دیگر جوانوں میں حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد کو ہلاک کرنے کیلئےکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان نے انسداد دہشتگردی کے لیے وژن ’عزم استحکام‘ کی منظوری دے رکھی ہے، جس کی روشنی میں دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

 

 

Back to top button