گرمی کی شدت میں اضافہ، اندرون سندھ شدید ہیٹ ویو کی وارننگ جاری

کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے لیے ہیٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں نمی کا تناسب بھی 55 سے 65 فیصد تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے، جس سے حبس اور گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب اندرون سندھ میں صورتحال زیادہ سنگین ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر سمیت وسطی اور بالائی سندھ کے اضلاع میں ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ 11 مئی تک ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
پاکستانی جنگی طیاروں کی تباہی کے بھارتی دعوے تنقید کی زد میں کیوں؟
ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور خواتین کا خاص طور پر خیال رکھا جائے تاکہ گرمی کی شدت کے منفی اثرات سے بچا جا سکے۔
