شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، علاقائی امن و استحکام کے قیام پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے خطے کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور امن و استحکام کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جو گزشتہ چند ماہ کے دوران امن کے لیے ہونے والی پیش رفت کو نقصان پہنچا سکتے ہوں۔
گفتگو کے دوران شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار بنیاد فراہم کرتی ہے۔
وزیراعظم نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان کو یقین دلایا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے قیام اور اسے برقرار رکھنے کے لیے اپنا مخلصانہ اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی دیگر اعلیٰ قیادت کی جانب سے مرحوم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خطے میں امن کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس حوالے سے پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
کیا پاکستان دوبارہ ایران اور امریکہ کی جنگ رکوا پائے گا؟
وزیراعظم نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
