بالی ووڈ کنگ شاہ رخ، آریان خان تنقید کی زد میں کیوں آ گئے؟

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کپڑوں کا برانڈ لانچ کرنے پر تنقید کی زد میں آ گئے ہیں، شاہ رخ خان اس کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں لیکن مداحوں نے کپڑوں کی خریداری کیلئے جیسے ہی ویب سائٹ کا وزٹ کیا تو قیمتیں دیکھ کر حیران رہ گئے۔
اداکار کے مداح اس برانڈ کے شدت سے منتظر تھے کیوںکہ اس کی تشہیری مہم شاہ رخ خان نے خود چلائی اور وہ اس کے برانڈ ایمبیسڈر تھے جیسے ہی برانڈ کی لانچنگ کا اعلان ہوا تو مداحوں کی بڑی تعداد نے خریداری کیلئے ویب سائٹ کا رخ کیا لیکن وہاں کپڑوں کی قیمتیں دیکھ کر ان کے ہوش اڑ گئے۔
آریان خان کے برانڈ میں صرف جیکٹ کی قیمت دولاکھ، شرٹ کی قیمت 33 ہزار اور ٹی شرٹ کی قیمت 24 ہزار انڈین روپے رکھی گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین مہنگے کپڑوں پر انتہائی ناخوش ہیں اور انہوں نے شاہ رخ اور ان کے بیٹے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے برانڈ کو لوٹ مار کا ذریعہ قرار دیا ہے، ایک صارف نے لکھا کہ ان کپڑوں کو تو امیر بھی نہیں خرید سکتے، اسے صرف وہ بیوقوف امیر بچے خریدیں گے جنہوں نے شوبازی کرنی ہوگی۔
یوٹیوب پر نیئر نامی صارف نے لکھا کہ شاہ رخ آپ بتائیں کہ آپ کے بیٹے یہ کپڑے کس ملک میں بیچنے والے ہیں کیونکہ ہمارے ہاں تو لوگوں کی خریدنے کی اتنی سکت موجود نہیں ہے۔
انیل نامی صارف نے لکھا کہ یہ دکان جلد بند ہونے والی ہے، ایویشکر نامی صارف نے لکھا کہ بھائی یہ ہم مڈل کلاس لوگوں کیلئے نہیں ہیں، ان کپڑوں کو تو امیر لوگ بھی نہیں خرید پائیں گے، یہ بھی بتا دیں کہ یہ کپڑے کس ملک میں فروخت کیلئے بنائے گئے ہیں۔
