شیرافضل مروت نےعلیمہ خان کوپارٹی کمزورکرنےکاذمہ دارقراردیدیا

رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے علیمہ خان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئےپارٹی کو کمزورکرنےکی ذمہ دار اور فساد کی جڑ قرار دے دیا۔
سابق پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو پارٹی سے سائیڈ لائن کرنے میں کسی پارٹی رہنما یا لیڈر کا نہیں بلکہ خود ان کی بہن علیمہ خان کا کردار ہے۔
شیر افضل مروت کے مطابق علیمہ خان نے پارٹی رہنماؤں جنید اکبر خان اور علی اصغر خان کو فون کر کے سخت الفاظ میں بات کی، جب کہ خیبرپختونخوا کی قیادت کے خلاف سوشل میڈیا پر باقاعدہ مہم بھی انہی کی ہدایت پر چلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام اور کارکنان بدستور عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، مگر علیمہ خان پارٹی اور قیادت کے درمیان "طلاق” کرانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور سمیت بجٹ پاس کرنے والے افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور سوشل میڈیا پر پختون قیادت کو بدنام کرنے کی مہم چلائی گئی ہے۔
شیر افضل مروت نے الزام عائد کیا کہ پنجاب سے کارکنان لا کر خیبرپختونخوا کی قیادت کو گالیاں دلوائی گئیں اور ان پر تشدد بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنوں اور احتجاج میں خیبرپختونخوا سے لاکھوں افراد نے شرکت کی، جبکہ 14 شہداء بھی اسی خطے سے تعلق رکھتے تھے، اس کے باوجود پارٹی کی مرکزی میڈیا ٹیم کو کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی قیادت کو نشان عبرت بنایا جائے۔