پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے قیام میں اہم پیشرفت

پاکستان کے بینکاری شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

ملک کے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک ہیوگو بینک کے قیام کے لیے سرمایہ اور سرمایہ کاری میں اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق ہیوگو بینک کے ادا شدہ سرمایہ میں ڈیڑھ ارب روپے اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے بعد بینک کے قیام کے منصوبے پر عملی پیش رفت مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سنگاپور کے سرمایہ کاروں پر مشتمل اتحاد اس منصوبے میں مجموعی طور پر چھ کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ سرمایہ جدید ڈیجیٹل بینکاری نظام، حفاظتی انتظامات اور صارفین کو جدید مالیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ہیوگو بینک روایتی شاخوں کے بجائے مکمل طور پر موبائل اور آن لائن ذرائع کے ذریعے خدمات فراہم کرے گا۔ صارفین گھر بیٹھے کھاتہ کھلوانے، رقوم کی منتقلی، بلوں کی ادائیگی، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور دیگر بینکاری سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جس سے بغیر شاخوں والی بینکاری کو فروغ ملے گا۔

کمیشن کے مطابق ہیوگو بینک کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے قیام کے لیے پہلے ہی اصولی منظوری حاصل ہے، جبکہ تمام قانونی اور انتظامی تقاضے مکمل ہونے کے بعد بینک باقاعدہ طور پر اپنی خدمات کا آغاز کرے گا۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کا قیام مالیاتی شعبے میں جدت، مالی شمولیت اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ اس اقدام سے خاص طور پر ایسے افراد کو بینکاری نظام تک رسائی ملنے کی توقع ہے جو روایتی بینکاری سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور نقدی کے بغیر لین دین کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

Back to top button