سپیس ایکس کا خلائی ملبہ چاند سے جا ٹکرایا

گزشتہ سال سے خلا میں گردش کرنے والا اسپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ کا ایک حصہ بدھ کی صبح تیز رفتاری سے چاند سے ٹکرا گیا یا ٹکرانے کی توقع تھی، تاہم اس تصادم کی باضابطہ تصدیق کئی گھنٹے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔

سکول بس کے حجم کے برابر یہ راکٹ کا حصہ جنوری 2025 میں اسپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ کے ذریعے فائر فلائی ایرو اسپیس کے قمری لینڈر کو چاند کی جانب روانہ کرنے والے مشن کا حصہ تھا۔

تقریباً 4 میٹرک ٹن وزنی یہ راکٹ باڈی مشرقی امریکی وقت کے مطابق رات 2 بج کر 35 منٹ (0635 جی ایم ٹی) پر تقریباً 5 ہزار 400 میل فی گھنٹہ (8 ہزار 690 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے چاند سے ٹکرانے والی تھی۔

تاہم چاند کے گرد گردش کرنے والا کوئی بھی خلائی جہاز اس لمحے ایسی پوزیشن میں نہیں تھا کہ تصادم کی براہِ راست تصاویر حاصل کر سکے۔

ماہرین کے مطابق تصادم کے نتیجے میں چاند کی سطح سے گرد و غبار کا بڑا بادل اٹھنے کا امکان تھا، جو سورج کی روشنی میں روشن تو ہو سکتا ہے، لیکن زمین سے اسے انسانی آنکھ سے دیکھنا انتہائی مشکل ہوگا۔

سائنسدان امریکا میں موجود دوربینوں سے حاصل ہونے والی تصاویر کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس تصادم کی تصدیق کر سکیں گے۔

 

Back to top button