گورنرسندھ کا لیاری میں باکسنگ اکیڈمی کےقیام کی خواہش کااظہار

گورنر سندھ نہال ہاشمی سے عالمی شہرت یافتہ برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، لیاری میں باکسنگ اکیڈمی کےقیام کی خواہش کااظہار کیا۔

ملاقات میں گورنر سندھ اور باکسرعامر خان کے درمیان کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی سرپرستی اور سندھ میں جدید اسپورٹس سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر عامر خان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

نہال ہاشمی نے کہا کہ لیاری، جو برسوں سے پاکستان میں فٹبال اور باکسنگ کی نرسری سمجھا جاتا ہے، آج بھی ایسے نوجوانوں سے بھرا ہوا ہے جو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے خواب دیکھتے ہیں۔ تاہم مناسب تربیت اور سہولیات نہ ہونے کے باعث کئی باصلاحیت کھلاڑی اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی راستے میں رک جاتے ہیں۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ کھیل ایک صحت مند اور مضبوط معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے لیاری میں باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اس موقع پر عامر خان نے گورنر سندھ کی جانب سے پرتپاک استقبال اور کھیلوں کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاری کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور انہیں عالمی معیار کی باکسنگ تربیت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

Back to top button