دہشتگردی اور ریاست مخالف پروپیگنڈا ناکام ہوگا،سرفرازبگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگرد عام شہریوں، پولیس اہلکاروں، فوجی جوانوں اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو شہید کر رہے ہیں، تاہم پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش ناکام ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام سمر کیمپ میں طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہر شہید کسی کا بیٹا، شوہر یا والد تھا، اور بلوچستان کی حکومت و عوام دہشتگردی کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر کھڑے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہاکہ دہشتگردی اور منظم پروپیگنڈا کو سیاسی مقاصد کے لیے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بہادری سے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام کا اتحاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ تنازع کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بہادری کے ساتھ ملک کا دفاع کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شورش پسند گروہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کو بدنام کرنے کے لیے بھرتی، لاجسٹک سپورٹ اور پروپیگنڈا کا سہارا لیتے ہیں، تاہم پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سیاسی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات کی حامی ہے، لیکن ریاست کے خلاف مسلح کارروائیاں کرنے والے گروہوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔
