سندھ کےمنصوبے ٹرانسفرنہ ہوئےتوبجٹ پرووٹ نہیں ملےگا،مرادعلی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نےکہا ہے کہ صوبہ وفاقی کی کالونی نہیں، ہمارے منصوبے سندھ ٹرانسفر نہ ہوئے تو بجٹ پر ووٹ نہیں ملےگا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شاہراہِ بھٹو کے دوسرے فیز کے افتتاح سے قبل انٹرچینج شاہ فیصل تا قائدآباد کا معائنہ کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق نے ہمارے ساتھ زیادتی کی، پی ڈبلیو ڈی کا محکمہ بھی ختم کر دیا۔حکومت نے سندھ کے ترقیاتی منصوبے وفاقی ادارے کو دے کر ہمارے ساتھ زیادتی کی ہے، باقی تینوں صوبوں کو تمام منصوبے بجٹ سمیت دیے گئے لیکن سندھ کو اُس کے منصوبے ٹرانسفر نہیں کیے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمارے منصوبے وزارت ہاوسنگ کو دینے کا فیصلہ چائنا کٹنگ والوں کے کہنے پر کیا، وفاق سندھ سے سوتیلوں جیسا سلوک نہ کرے، اگر آپ سوتیلوں جیسا سلوک کریں گے تو ہم بھی اپنا حق لینا جانتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شاہراہِ بھٹو پر اپنی گاڑی کا ٹول ٹیکس بھی ادا کیا، انہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو کراچی کی عوام کے لیے پیپلز پارٹی کی حکومت کا تحفہ ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ شاہراہ بھٹو صنعتی علاقوں کی ملک بھر تک رسائی میں بہتری لائے گی، ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے، عوام کو سہولت دینا ہی ہماری اصل خدمت ہے، انفرا اسٹرکچر کے ہر منصوبے کا مقصد عوامی فلاح ہے۔

Back to top button