آرمی چیف کی ذاتی معلومات تک رسائی کی تحقیقات کا حکم

آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ان کے اہل خانہ کی ذاتی معلومات تک رسائی کی تحقیقات اور نادرا کے افسران کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں مذکورہ خلاف ورزی سے متعلق میڈیا رپورٹس پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا، نور عالم خان نے کہا کہ جو لوگ دستاویزات چوری میں ملوث ہیں، وہ سلاخوں کے پیچھے ہونے چاہیئں، ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کو اس معاملے میں تفتیش کا حصہ بنانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا تعین ہونا چاہئے کہ آرمی چیف کے اہل خانہ کی ذاتی معلومات کیسے چوری ہوئیں، چیئرمین پی اے سی نے نادرا چیئرمین کو بھی طلب کر لیا جو دیگر مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر پائے تھے۔
نورعالم خان نے کہا کہ یہ خبر پورے میڈیا میں ہے اور اس پر ایک وی لاگ بھی دیکھا جہاں اس معاملے پر دو صحافی بحث کر رہے تھے، اس سے قبل ایک وی لاگ میں دو صحافی اعزاز سید اور عمر چیمہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اکتوبر 2022 میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے اہل خانہ کا ذاتی ڈیٹا اور سفری معلومات کے ریکارڈ تک مبینہ طور پر نادرا کے افسران نے رسائی کی جو ان کی آرمی چیف کی حیثیت سے تعیناتی روکنے کی کوششوں کا حصہ تھی۔
چیف آف آرمی اسٹاف اس وقت لیفٹیننٹ جنرل کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے اور فوج کے اعلیٰ عہدے میں تعیناتی کے لیے امیدوار تھے۔نادرا نے تین روز قبل ایک بیان میں تصدیق کی تھی کہ آرمی چیف کے اہل خانہ کی ذاتی معلومات تک رسائی اور چوری کی گئی تھیں اور بیان میں بتایا گیا تھا کہ اس خلاف ورزی میں ملوث افسران کی شناخت کے لیے تفتیش جاری ہے۔پی اے سی میں کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے آڈٹ کے مسئلے کو بھی اٹھایا گیا۔
نورعالم خان نے کہا کہ افسران کو پلاٹس دینے کی روایت جاری نہیں رکھنی چاہیے اور انکوائری کی جائے کہ ججوں، وزرائے اعظم، صدور، اراکین قومی اسمبلی، سینیٹرز، بیوروکریٹس اور فوجی عہدیداروں کو کتنے پلاٹس دیے گئے۔پی اے سی کے اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے ویلفیئر فنڈ کے آڈٹ کا حکم بھی دیا گیا اور ساتھ وزارت داخلہ کے سال22-2021 سے متعلق آڈٹ شکایات کا جائزہ لیا گیا۔
خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے حملوں پر بھی بحث کی گئی اور نور عالم خان نے کہا کہ ان کے حلقے میں حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور شرپسند عناصر راکٹ لانچرز سے حملے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی رٹ نافذ کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ کو بتانے کی ضرورت ہے کہ پشاور میں راکٹ لانچرز استعمال کیے جا رہے ہیں اور کوئی اس کی پرواہ ہی نہیں کر رہا ہے۔
