ایران امریکا مذاکرات میں سہولت کاری جاری رکھیں گے : اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران-امریکا مذاکرات میں سہولت کاری جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت خطے کی تازہ صورت حال پر اجلاس ہوا جس میں خطے میں امن و استحکام کےلیے ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کے کردار کا اعادہ کیا گیا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہاکہ خطے اور اس سے آگے امن کےلیے کوششیں برقرار رہیں گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران امریکا مذاکراتی عمل سے متعلق پاکستان کا مؤقف صرف سرکاری ذرائع سے جاری بیانات ہیں،اس پر غیرمصدقہ حوالوں کی کوئی حیثیت نہیں۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بےنام پاکستانی حکام یا سوشل میڈیا پر زیر گردش اطلاعات پاکستان کے مؤقف کی عکاسی نہیں کرتیں،میڈیا قیاس آرائیوں سے گریز اور صرف مستند سرکاری بیانات پر انحصار کرے۔
