صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کر لیا گیا

پاکستان تحریکِ انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو ان کی رہائش گاہ کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان پرویز الہٰی کی جانب سے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پرویز الٰہی کی گرفتاری ان کی رہائش گاہ کے باہر چوہدری ظہور الٰہی روڈ پر کی گئی۔
نگراں وزیرِ اطلاعات پنجاب عامر میر نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن یونٹ نے پرویز الٰہی کو پولیس کی مدد سے گرفتار کیا ہے اور وہ کرپشن کے مقدمے میں مطلوب تھے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب پولیس کی جانب سے پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تھا تاہم گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی تھی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اس وقت مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پرویز الٰہی کو انسداد کرپشن کے مقدمے میں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
