سہیل آفریدی کے سیاسی قائدین سے رابطے، قیام امن کےلیے ساتھ چلنے کی پیشکش

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا مولانا فضل الرحمان، ایمل ولی خان، سراج الحق، امیر مقام، آفتاب شیرپاؤ اور محمد علی شاہ باچا سے ٹیلیفونک رابطہ، وزیراعلیٰ نے امن و امان کی صورت حال پر سیاسی جماعتوں کو ساتھ چلنے کی پیشکش کردی۔
خیبرپختونخوا میں بڑی مثبت سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، وزیر اعلیٰ نے صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سیاسی قائدین سے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام پر کوئی دو رائے نہیں، امن و استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ صوبائی اسمبلی کی اِن ہاؤس کمیٹی کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل ایک مشترکہ جرگہ بلانے کا فیصلہ کیاگیا ہے،تاکہ امن و امان سے متعلق پالیسی پر اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے۔
سہیل آفریدی کےمطابق سپیکر صوبائی اسمبلی کی جانب سے تمام رہنماؤں کو باضابطہ طور پر مدعو کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اختلاف رائےجمہوریت کا حسن ہے، لیکن امن ہم سب کا مشترکہ ہدف ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ تمام فریقین کو ساتھ لےکر صوبے میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جائےگا۔
