ہوائی جہاز میں دوران سفر ’سورہی‘ خاتون مسافر مُردہ نکلیں

برٹش ایئرویز میں دورانِ پرواز ایک مسافر خاتون جن کے بارے میں دیگر مسافر اور عملہ خیال کررہے تھے کہ وہ اپنی سیٹ پر سورہی ہیں، سفر کے اختتام پر پتہ چلا کہ خاتون دراصل مرچکی تھیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق 73 سالہ خاتون لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ اور فرانس کے شہر نیس کے درمیان برٹش ایئرویز کی پرواز میں مسافر تھیں۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ خاتون کو دوران پرواز ہی دل کا دورہ پڑا تھا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
جنوبی فرانس میں جب پرواز نے لینڈنگ کی اور دوسرے مسافر جہاز سے اترنے کے لیے اٹھے تو انہوں نے دیکھا کہ خاتون طیارے سے اترنے کے لیے حرکت نہیں کر رہیں۔ جب کچھ مسافروں نے خاتون کو جگانے کی کوشش کی تو وہ بے جان تھیں۔
اس موقع پر برٹش ایئرویز نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس دکھ کے لمحات میں مسافر خاتون کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب ایئرویز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم خاتون کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم یا اس کی
تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔
