سوات،پولیس سٹیشن کے باہرخودکش دھماکہ،14 افراد جاں بحق،18زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے کبل میں پولیس سٹیشن کے باہر مبینہ خودکش دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ 18 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔
واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
سوات پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کے بعد پولیس، ریسکیو اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات عمر خان کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ خودکش حملہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک حملہ آور نے کبل پولیس تھانے کے باہر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، تاہم واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکے میں اب تک 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 18 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں سے 9 کی لاشیں سیدو شریف سینٹرل اسپتال اور 5 کی لاشیں کبل اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر پولیس جوان شامل ہیں، تاہم شہری بھی اس سانحے کا نشانہ بنے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات شعیب منصور کی نگرانی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
