سومو ریسلرز کیلئےفضائی کمپنی اضافی پرواز کا انتظام کرنے پر مجبور

جاپانی فضائی کمپنی کو اس وقت اضافی پرواز کا انتظام کرنا پڑا جب زیادہ وزن کے باعث 2 طیاروں کا اڑنا مشکل ہوگیا تھا۔طیاروں میں اضافی سامان کی بجائے جاپان کے چند بھاری ترین افراد کی موجودگی اس کی وجہ تھی۔جی ہاں جاپان ائیر لائنز کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہوا جب متعدد سومو ریسلرز سفر کرنے کے لیے پہنچے۔
یہ واقعہ گزشتہ ہفتے ٹوکیو سے اوساکا جانے والی پروازوں کے دوران پیش آیا، جہاں سومو ریسلر ایک فیسٹیول میں مقابلوں میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
فضائی کمپنی کو اس وقت ان ریسلرز کے لیے خصوصی پرواز کا انتظام کرنا پڑا جب یہ خدشات پیدا ہوئے کہ زیادہ وزن ہونے کے باعث دونوں طیارے مناسب مقدار میں ایندھن نہیں لے جاسکیں گے۔ایندھن میں کمی کا خدشہ اس وقت پیدا ہوا جب فضائی عملے کو علم ہوا کہ ان کے مسافروں میں سومو ریسلرز بھی موجود ہیں، جن کا اوسط وزن 120 کلوگرام ہوتا ہے۔
