ٹی ٹوئنٹی رینکنگ:ابرار احمد چوتھے نمبر پر ، صائم ایوب تنزلی کا شکار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بولرز، بیٹرز اور آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں کئی اہم تبدیلیاں ہوئی ہیں۔
پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے شاندار کارکردگی کے ذریعے 12 ویں سے چوتھی پوزیشن پر چھلانگ لگا دی ہے۔ فاسٹ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد 25 ویں اور حارث رؤف نو درجے بہتری کے ساتھ 28 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ دوسری جانب محمد نواز 13 درجے تنزلی کے بعد 46 ویں جبکہ صفیان مقیم تین درجے نیچے آ کر 14 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بھارت کے ہاردک پانڈیا نے چھ درجے بہتری کے بعد 60 ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے ورن چکرورتی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین تیسرے نمبر پر ہیں۔
بیٹرز کی درجہ بندی میں بھارت کے ابھیشک شرما بدستور پہلے، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے اور بھارت کے تلک ورما تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان 31 درجے چھلانگ لگا کر 24 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، جبکہ صائم ایوب آٹھ درجے تنزلی کے بعد 55 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
کپتان سلمان علی آغا اور اوپنر فخر زمان نے بالترتیب تین، تین درجے بہتری حاصل کی اور اب 65 ویں اور 66 ویں پوزیشن پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا سرفہرست ہیں، افغانستان کے راشد خان دوسرے، جبکہ زمبابوے کے سکندر رضا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے صائم ایوب پانچویں پوزیشن پر فائز ہیں، محمد نواز ایک درجہ بہتری کے بعد 17 ویں، اور فہیم اشرف 12 درجے ترقی کر کے 39 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
