پاکستان دنیا میں ’پیس میکر‘ بن چکا ہے: اسحاق ڈار

 

 

 

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آج دنیا پاکستان کو ’پیس میکر‘ کے نام سے جانتی ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قیام امن کےلیے شب و روز محنت کی،جس کے نتیجے میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے خطے میں امن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں منفرد مقام عطا کیا ہے اور آج پاکستان کا نام پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔جو عزت آج پاکستان کو حاصل ہوئی ہے،پوری قوم اس پر شکر گزار ہے اور دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔اب ہماری منزل معاشی قوت بننا ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف اس مقصد کے حصول کےلیے دن رات کوششیں کررہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور ذوالفقار علی بھٹو سے لےکر نوازشریف تک قومی قیادت نے ایٹمی پروگرام کی تکمیل اور مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا،نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایٹمی قوت بنا،جب کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو یہ عظیم صلاحیت عطا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورت حال میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان سے اہم کام لیا اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے امن کے قیام کےلیے بھرپور کردار ادا کیا۔وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے قیام امن کےلیے شب و روز محنت کی،جس کے نتیجے میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کرکے خطے میں امن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان خطے میں امن کے فروغ کےلیے تعمیری کردار جاری رکھے گا: دفتر خارجہ

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاکہ ایران پر حملے کی پاکستان نے سب سے پہلے مذمت کی اور مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا رہا۔ 28 فروری سے 25 جون تک پاکستان نے جنگ بندی اور قیام امن کےلیے بھرپور سفارتی کوششیں کیں۔ ہماری سفارت کاری کی آج پوری دنیا معترف ہے اور پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مؤثر اور ذمہ دار ریاست کےطور پر تسلیم کیا جارہا ہے۔آج دنیا پاکستان کو ’پیس میکر‘ کے نام سے جانتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کے دوران دنیا نے پاکستان کی منفرد کامیابی دیکھی اور اس کےبعد عالمی برادری پاکستان کی صلاحیتوں کی معترف ہوگئی۔پاکستان میں مسلم امہ کی قیادت کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور ملک خطے میں امن و استحکام کےلیے اپنا مثبت کردار جاری رکھےگا۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ ماضی کے منفی فیصلوں کی وجہ سے ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،تاہم موجودہ حکومت نے معیشت کو دوبارہ استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے۔وزیراعظم کو گزشتہ دور کے منفی معاشی فیصلوں کو درست کرنے میں وقت لگا، تاہم اب پاکستان دن بدن ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔

 

Back to top button