بھارت سے برابری کی بنیاد پر بات ہوگی، محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات کے معاملے پر ہم بالکل واضح ہیں، اب گفتگو برابری کی سطح پر ہی ہوگی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی سلیکشن میں ان کا کوئی کردار نہیں، یہ مکمل طور پر سلیکٹرز اور ایڈوائزری کمیٹی کی مشاورت سے کیا جانے والا عمل ہے، اور انہیں اس پر مکمل اعتماد ہے۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ دورۂ ویسٹ انڈیز کی رپورٹ ہیڈ کوچ جمع کرا چکے ہیں اور ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کے مستقبل کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ انصاف پر مبنی فیصلے کرے اور وہ خود اس کمیٹی کی مکمل حمایت کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے تاکہ ٹیم میں مقابلے کی فضا قائم ہو۔
سینٹرل کنٹریکٹس میں کسی کھلاڑی کو اے کیٹیگری نہ دینے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی کرکٹر ایسی کارکردگی نہیں دکھا سکا جس کی بنیاد پر اسے اے کیٹیگری دی جاتی۔
محسن نقوی نے قومی کھلاڑیوں پر بلاوجہ تنقید سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایک میچ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو نشانہ نہ بنایا جائے، اس سے وہ مایوس ہو جاتے ہیں، کم از کم ٹورنامنٹ کے اختتام تک تنقید روک دینی چاہیے۔ ویمنز ٹیم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہاں بھی اب سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے اور امید ہے کہ خواتین ٹیم کی کارکردگی میں جلد بہتری آئے گی۔
