مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کاضمنی الیکشن مل کرلڑنےپراتفاق

حکمران اتحاد کی بڑی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی اور پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑا نہیں کریں گی۔

راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ پارٹی قائدین کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جس کے تحت جس حلقے میں جس جماعت کا امیدوار عام انتخابات میں رنر اپ رہا تھا وہاں دوسری جماعت اس کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس فارمولے پر دونوں جماعتیں متفق ہیں اور ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑیں گی۔

وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پہلے ہی سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک دوسرے کی اتحادی ہیں، اور اب ضمنی انتخابات میں بھی مشترکہ طور پر کامیابی حاصل کریں گی۔

Back to top button