دہشت گردوں کے سہولت کاربھی اپنا بندوبست کرلیں،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کاکہنا ہے کہ پاک فوج کے بھرپور جواب کے بعد جھڑپوں کا سلسلہ رک گیا۔ دہشت گردوں کے سہولت کاربھی اب اپنا بندوبست کرلیں۔
عطا تارڑ کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام اب طالبان حکومت کے پیچھے نہیں کھڑے، اب اگر انہوں نے پھر ایسا کوئی کام کیا تو بھرپور جواب ملے گا۔پاک فوج کے بھرپور جواب کے بعد جھڑپوں کا سلسلہ رک گیا ہے اورپاک فوج نے افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، 200 سے زائد افغان طالبان ہلاک ہوئے ہیں، اپنی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کا وزیر خارجہ بھارت میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بیان دیتا ہے، اسی رات پاکستان پر دہشت گردوں سے مل کر افغان طالبان حملہ کرتے ہیں، افغانستان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہوتی رہی، کئی بار ہم ان کو بتا چکے ہیں، ہمارے پاس جو ثبوت موجود ہیں، تانے بانے وہاں سے ملتے ہیں۔
2014 میں آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا، ، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کےلیے بھی کوئی گنجائش نہیں اپنا بندوبست کرلیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب افغان طالبان اور بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج نے پاک افغان سرحد کے وسیع حصے پر بلا اشتعال اور دشمنانہ کارروائی کی، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 200 سے زائد طالبان اور ان کے حمایتی دہشت گرد ہلاک کردیے، بڑی تعداد میں دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
جھڑپوں میں 23 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 29 سپاہی زخمی ہوئے۔
