تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی پر قابو پانے کے لیے دونوں ممالک نے غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ معاہدہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہونے والے اہم مذاکرات کے دوران طے پایا۔
مذاکرات میں تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم، کمبوڈیا کے وزیراعظم، اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم شریک ہوئے، جبکہ امریکا اور چین کے سفیروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
مذاکرات کے بعد ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک نے براہ راست رابطے بحال کرنے اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان کے مطابق امریکی صدر نے بھی دونوں رہنماؤں سے پرامن حل کی اپیل کی تھی۔
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں، ہلاکتیں 32 تک پہنچ گئیں
کمبوڈین وزیراعظم نے اجلاس کے بعد کہا کہ مذاکرات مثبت رہے اور امید ظاہر کی کہ فوری طور پر لڑائی بند کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان حالیہ سرحدی جھڑپوں کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 3 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
