ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا

ماہِ ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (24 اگست) کراچی میں منعقد ہوگا۔

کمیٹی کا مرکزی اجلاس نمازِ عصر کے بعد محکمہ موسمیات کے دفتر، کراچی میں ہوگا۔ اس اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کراچی کے اراکین کے علاوہ وزارت مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

ملک کے دیگر بڑے شہروں، جیسے اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے، جہاں سے موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی، مولانا ابوالخبیر آزاد کریں گے۔

قبل ازیں، سپارکو نے ربیع الاول کے چاند سے متعلق اپنی پیشگوئی جاری کی تھی۔ ترجمان کے مطابق، ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور چاند کے غروب ہونے میں 45 منٹ کا فرق ہوگا، جس کی وجہ سے چاند نظر آنے کے قوی امکانات موجود ہیں۔

سپارکو نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ ربیع الاول کی پہلی تاریخ 25 اگست 2025 (پیر) کو ہوگی، جس کے مطابق 12 ربیع الاول 5 ستمبر 2025، بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!