لاس اینجلس میں لگی آگ پر3ہفتوں کے بعد قابو پالیا گیا

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگنے والی خوفناک آگ پر بالآخر 3 ہفتوں بعد قابو پالیا گیا۔
کیلیفورنیا فائر ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہےکہ 7 جنوری 2025 کو لگنے والی آگ پر اب مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق آگ سے 37,000 ایکڑ سے زیادہ رقبہ اور 10,000 سے زائد گھر جل گئے جس سے تقریباً 30 افراد ہلاک اور ہزاروں بےگھر ہوگئے۔آگ سے نقصانات کا تخمینہ 250 سے 275 ارب ڈالر تک لگایا گیا ہے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ7 جنوری کو لگنے والی آگ کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں اور خشک سالی نے اس خطرناک صورت حال کو جنم دیا ہے۔
لاس اینجلس کے میئر کیرن باس نے کہا ہےکہ بحالی کا عمل تیز کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ افراد جلد از جلد اپنے گھروں کو واپس جاسکیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آتش زنی کے متعدد واقعات سے بھی نمٹنا پڑا اور حکام نے آتش زنی کے الزام میں کم از کم 8 افراد کو گرفتار کیا۔
ان افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں درختوں، جھاڑیوں، پتوں اور کچرے کو آگ لگائی۔
امریکی میڈیا کے مطابق اسی روز ایک اور شخص کو درختوں کو آگ لگانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ جلتے ہوئے پتوں کی خوشبو پسند کرتا ہے۔