حکومت نے ڈیزل پر عائد لیوی میں مزید اضافہ کر دیا

وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 23 پیسے فی لیٹر کمی کر دی جبکہ پٹرول پر عائد لیوی کم اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی میں مزید اضافہ کر دیاہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 311 روپے 73 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل اس کی قیمت 318 روپے 96 پیسے فی لیٹر تھی۔ذرائع وزارت پٹرولیم کے مطابق پٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 9 روپے 24 پیسے کمی کی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد پٹرول پر لیوی کی شرح 117 روپے 41 پیسے سے کم ہو کر 108 روپے 17 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔دوسری جانب حکومت نے ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی میں 9 روپے 40 پیسے اضافہ کر دیا ہے۔ نئی شرح کے مطابق ڈیزل پر لیوی 42 روپے 60 پیسے سے بڑھا کر 52 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 5، 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 409 روپے 78 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 409 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔پٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے کر دیا گیا ہے۔

Back to top button