اسلامی دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے، وزیر دفاع

وزیردفاع خواجہ آصف کاکہناہے کہ مکہ دفاعی معاہدہ تاریخ ساز، اسلامی دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھاکہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی دنیا میں اس نوعیت کا پہلے کوئی اقدام نہیں کیا گیا، تین بڑے اسلامی ممالک نے مل کر ایک خالصتاً دفاعی معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت ان تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر بھی کسی جانب سے جارحیت کی صورت میں تینوں ممالک مل کر اس کا مقابلہ کریں گے۔
خواجہ آصف نے یہ ایک قابل تقلید معاہدہ ہے اور آنے والے وقتوں میں اسلامی دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ جس طرح اسلامی ممالک کا برسوں سے استحصال ہوا ہے، اس کے پیش نظر انہیں اپنی دفاعی، نظریاتی اور جغرافیائی حدود کی حفاظت کے لیے آپس میں باہمی محبت، یکجہتی اور اتحاد کو بڑھانا چاہیے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ اسی سمت میں ایک پہلا قدم ہے اور آنے والے مہینوں اور سالوں میں یہ معاہدہ پوری اسلامی دنیا کو یہ راستہ دکھائے گا کہ ہم اپنی زمین، اپنے نظریات اور اپنے دین کے تحفظ اور ترویج کے لیے کس طرح اپنی قوتیں اور وسائل مجتمع کرسکتے ہیں۔
