پاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادری کا اہم کردارہے،شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی، ہندو، سکھ اور پارسی برادریوں نے اہم اور تعمیری کردار ادا کیا۔
اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج یوم آزادی کی آمد آمد ہے، آج ہم پاکستان کے اقلیتی برادری کے لیے قومی دن منارہے ہیں، قائداعظم کی لیڈرشپ میں تخلیق پاکستان کے لیے جہاں لاکھوں مسلمانوں نے ان کا ساتھ دیا وہی اقلیتی برادری نے بھی جو تعمیری کردار ادا کیا وہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 11 اگست 1947ء کو قائداعظم محمد علی جناح نے قانون ساز اسمبلی میں تاریخی خطاب کیا اور واضح کیا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو مذہب سے قطع نظر مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے خطاب کا ہر لفظ آئین کا حصہ بن چکا ہے، اقلیتوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں بھی قائداعظم کے ساتھ مل کر تعمیری کردار ادا کیا اور قیام پاکستان کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنی صلاحیتیں اور علم بروئے کار لائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود کیتھیڈرل اسکول سے تعلیم حاصل کی، جبکہ ان کے بڑے بھائی نواز شریف سینٹ انتھونی اسکول اور بہن کانوینٹ آف جیزز اینڈ میری سے تعلیم حاصل کرچکی ہیں۔
