پی ایس ایل سیزن 10 کے فائنل سمیت بقیہ میچز کا شیڈول آگیا

پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ 8 میچز کا حتمی شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت پہلا میچ 17 مئی کو راولپنڈی اور فائنل 25 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی  کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق 17 مئی بروز ہفتہ کو پشاور زلمی کا مقابلہ کراچی کنگز سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔18 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ڈبل ہیڈر کی میزبانی کرے گا، دوپہر میں ملتان سلطانز کا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا اور شام کو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے۔

19مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں مدمقابل ہوں گے جس کے بعد پہلا کوالیفائر 21 مئی کو لاہور میں ہوگا جب کہ ایلیمینیٹر 1 اور کوالیفائر 2 بالترتیب 22 اور 23 مئی کو ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دوپہر کا واحد میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا جب کہ شام کے میچز مقررہ وقت کے مطابق شام 7.30 بجے ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ 10 کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 25 مئی کو کھیلا جائے گا جب کہ ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات جلد شیئر کی جائیں گی۔

پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے تمام فرنچائزز اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور متعدد کھلاڑیوں نے واپس آنے کی حامی بھی بھرلی ہے۔جن فرنچائزز کو غیر ملکی کھلاڑی دستیاب نہیں ہوں گے ان کے بدلے مقامی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کا انعقاد لاہور اور فیصل آباد کے اسٹیڈیمز میں ہوگا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش سیریز کے لیے آنے والی براڈ کاسٹنگ ٹیم ہی پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کی براڈ کاسٹنگ کرے گی۔

Back to top button