ٹی ایل پی احتجاج : ریاست کسی جتھے کے دباؤ میں نہیں آئے گی، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہا ہے کہ غزہ میں امن معاہدہ ہوچکا ہے اور وہاں کے لوگ مطمئن اور خوش ہیں تو ان کے نام پر تحریک لبیک (ٹی ایل پی) یہاں احتجاج کیوں کررہی ہے؟ پُرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن ریاست کسی جتھے کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پُرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ماضی میں ٹی ایل پی نے جتھوں کی صورت میں قومی املاک کو نقصان پہنچایا،اب اس طرز سیاست اور مطالبات منوانے کےلیے دباؤ ڈالنے کی کوئی گنجائش نہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ غزہ میں امن معاہدے پر جشن منایا جا رہا ہے، فلسطینیوں نے سجدۂ شکر ادا کیا،جب وہاں کے لوگ خوش ہیں تو یہاں احتجاج کا جواز کیا ہے؟ سب سے بڑا فریق خود فلسطینی عوام ہیں،وہ خوش ہیں تو دوسروں کو ان کے نام پر سڑکوں پر آنے کی کیا ضرورت ہے؟
وزیر مملکت کاکہنا تھا کہ مظاہرین اپنے مرکزی دفتر سمن آباد سے راوی روڈ کی طرف جارہے ہیں۔ یہ اس لیے نکلے ہیں کہ ان پر ابھی طاقت کا استعمال نہیں کیاگیا۔ صوبائی حکومتوں سے مسلسل رابطہ ہے اور کوشش ہےکہ طاقت کا استعمال کیے بغیر انہیں روکا جائے۔حکومت اس قسم کی جتھہ بندی اور احتجاج کو آگے بڑھنے نہیں دے گی۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے بتایا کہ کچھ شرپسند عناصر کو گرفتار کیاگیا ہے اور راستے کھول دیے گئے ہیں۔اگر کہیں رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں تو وہ شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہیں۔ قانون کی عملداری ہر صورت میں یقینی بنائی جائے گی۔ احتجاج کرنا ہے تو آئینی اور قانونی دائرے میں رہ کر کریں، کسی نقصان کی صورت میں ذمہ داری قیادت پر عائد ہوگی۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک نے اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے شہر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔
