کل حمزہ شہبازدوبارہ وزیراعلیٰ منتخب ہوجائیں گے

مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں اپنی عددی برتری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل حمزہ شہباز بآسانی دوبارہ وزیراعلیٰ منتخب ہوجائیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے لاہورہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے آج کا یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے تناظر میں دیا جس کے تحت انہوں نے یہ حکم دیا کہ پارٹی کی ڈائریکشن کے خلاف ووٹ شمار نہیں ہوگا۔

جنرل باجوہ کی امیر قطرسے ملاقات، باہمی دلچسپی کےامور پربات چیت

عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ ہائی کورٹ نے نہ الیکشن کو کالعدم قرار دیا ہے اور نہ ہی نئے انتخاب کی ہدایت دی ہے، صرف 25 ارکان کے ووٹ مائنس کر کے دوبارہ انتخاب کا حکم دیا گیا ہے،آئین میں یہ بات درج ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب میں 146 کی سادہ اکثریت حاصل نہیں کرسکے گا تو انتخاب دوبارہ ہوگا، فیصلے میں یہ بھی درج ہے کہ حمزہ کل شام تک وزیراعلیٰ رہیں گے اور کل شام نیا انتخاب ہوگا۔

انکا کہنا تھا ہمارے ووٹوں میں سے 25 مائنس کردیں لیکن ہماری تعداد 177 ہے جب کہ تحریک انصاف اور ق لیگ کے اتحاد کی تعداد 168 ہے اور ہم اس وقت 9 ووٹ کی برتری کے ساتھ ہیں، کسی بھی صورت انتخاب کو کالعدم قرار دیا گیا ہے اور نہ حمزہ شہباز کو ہٹایا گیا ہے، صرف ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی ہدایت دی گئی ہے، حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ کے سارے فیصلے اپنی جگہ برقرار رہیں گے انہیں غیر موثر نہیں کیا گیا۔

ن لیگی رہنما نے کہا نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب تک حمزہ شہباز ہی وزیراعلیٰ رہیں گے اور کل یہ انتخاب ہم جیتیں گے، آدھے لوگ خوش ہیں اور آدھے لوگ افسردہ ہیں انہیں سمجھ ہی نہیں آرہا کہ فیصلہ کیا آیا ہے،عدالتی حکم میں درج ہے کہ کل کے انتخاب میں کسی بھی غیرقانونی اقدام اور رکاوٹ ڈالنے والے کے خلاف کارروائی کی جائے گی، چھ ماہ کی قید سنائی جائے گی، ہم یقین دلاتے ہیں کہ اٹھنے والے ہاتھ اور بڑھنے والے قدم کے خلاف توہین عدالت کے لیے رجوع کریں گے۔

عطا تاڑر ڈپٹی اسپیکر یہ اجلاس چلائیں گے کیوں کہ اسپیکر پرویز الہی خود وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں، آج تحریک انصاف والے خوشی بھی منارہے ہیں اور فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے کا بھی کہہ رہے ہیں، عدالتی فیصلے نے تعداد واضح کردی ہے کہ اب کوئی رکن ٹوٹ کر دوسری پارٹی میں نہیں جاسکتا، کاغذات میں جو تعداد درج ہے اسی پر کل انتخاب ہوگا اور اس میں ہمیں نو ووٹ کی واضح برتری حاصل ہے۔

Back to top button