کراچی میں منکی پاکس کاشکاربچہ جاں بحق

کراچی میں منکی پاکس سے متاثرہ ڈیڑھ سالہ بچے کے انتقال نے ایک بار پھر اس بیماری سے متعلق تشویش بڑھا دی ہے۔
ملیر سے تعلق رکھنے والے بچے کو چند روز قبل ایک نجی ہسپتال سے متعدی امراض کے مرکز نیپا منتقل کیا گیا تھا جہاں دورانِ علاج اس کی موت ہوگئی۔
اس واقعے کے بعد سندھ میں رواں سال منکی پاکس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے جبکہ صوبے میں اب تک بیماری کے مجموعی طور پر 98 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ہسپتال کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کا تعلق کراچی کے علاقے ملیر سے تھا۔ طبیعت خراب ہونے پر اسے چند روز قبل ایک نجی ہسپتال سے متعدی امراض کے مرکز واقع نیپا چورنگی منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری تھا۔
ترجمان نے بچے کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ منکی پاکس سے متاثر تھا اور دوران علاج دم توڑ گیا۔
کم عمر بچے کی موت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سندھ میں اس بیماری کے نئے کیسز بھی رپورٹ ہورہے ہیں۔
