صدرآصف علی زرداری کا دورہ جرمنی میں ٹیکنالوجی کمپنیوں سے اہم ملاقاتیں

برلن میں صدر آصف علی زرداری اور جرمن ٹیکنالوجی جائنٹ سیمنز کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ ڈینیئل فرش کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں کمپنی نے پاکستان کے صحت کے شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے معاہدوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔
جرمن ٹیکنالوجی کمپنی سیمنز نے پاکستان کے موجودہ ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون بڑھانے کی آمادگی ظاہر کی ہے جس کے لیے کمپنی کے نمائندے جلد پاکستان آ کر مقامی پارٹنرزکے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔
ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق سیمنز کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ ڈینیئل فریش نے ہفتے کے روز برلن میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ کمپنی کے دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صدر زرداری جمعرات کو 3 روزہ دورے پر جرمنی روانہ ہوئے تھے۔ پاکستان اور جرمنی اس سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منانے جا رہے ہیں۔
ایوانِ صدرسے جاری بیان کے مطابق ڈینیئل فریش نے صدر کو پاکستان میں کمپنی کی کامیابیوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے صحت کی سہولتوں میں آنے والی بہتری کو سندھ محکمۂ صحت کے ’منطقی طور پر مربوط اقدامات‘ کا مثبت نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے جدید حل اور ٹیکنالوجی کے اطلاق کے ذریعے پاکستان کے موجودہ ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے جاری تعاون کو مزید بڑھانے کی آمادگی اور خواہش کا اظہار کیا۔
ایوانِ صدر کے مطابق سیمنز کے وفد نے صدر کو بتایا کہ کمپنی کے نمائندے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وہ ملک کے ہیلتھ سیکٹر میں صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (ایم اوایوز) پر دستخط کریں گے۔
