دہشت گردی کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائےگی،گورنرخیبرپختونخوا

گورنرخیبرپختونخوافیصل کنڈی کاکہناہے کہ وزیراعظم نے واضح کیا دہشت گردی کےخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائےگی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھاکہ ہم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانےدیں گے۔

فیصل کنڈی نے کہا کہ افغانستان سےبین الاقوامی افواج کےانخلا کےبعدچھوڑا گیااسلحہ دہشت گردوں کےہاتھ لگ گیا، دہشت گردوں کےپاس ایسا جدید اسلحہ موجود ہےجوہمارے پاس بھی نہیں، اپنے ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی کرکےپولیس کوجدید اسلحہ فراہم کریں گے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھاکہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ  پولیس کو جتنے اسلحہ، فنڈزکی ضرورت ہوگی،فراہم کرنےکے لیے تیار ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ کےلیےصوبےکو800 ارب روپےملے لیکن یہ رقم خرچ نہیں کی جا سکی۔

گورنر کا کہنا تھاکہ ماضی میں صوبائی حکومت دہشت گردوں اورافغانستان کے معاملے پر بیان دینے سے گریزکرتی تھی، جو پاکستان کےخلاف اور آئین کو تسلیم نہیں کرے گا، اس کے ساتھ مذاکرات یا رعایت نہیں ہونی چاہیے۔

معدنیات کے حوالے سے گورنرفیصل کنڈی کاکہنا تھا کہ ہمارے پاس معدنی وسائل تو ہیں، لیکن انہیں بروئے کار لانے کے لیے درکار وسائل کی کمی ہے، معدنیات کی تلاش اور نکالنے کےلیےپاکستانی کمپنیوں کو پہلی ترجیح دی جائے گی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہناتھاکہ سہیل آفریدی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، مستقبل کےبارے میں کسی کوکچھ معلوم نہیں۔

 

Back to top button