پی ٹی آئی خیبرپختونخواکی تنظیم برقرار،جنیداکبرکی صدارت بحال

پاکستان تحریک انصاف نے شدید اندرونی اختلافات، گرفتاریوں اور صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے باوجود خیبرپختونخوا میں جنید اکبر کی صدارت میں صوبائی تنظیم کو برقرار رکھتے ہوئے اہم انتظامی ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک اہم نوٹیفیکیشن میں واضح کیا ہے کہ پارٹی کی صوبائی تنظیم خیبرپختونخوا جنید اکبر کی صدارت میں بدستور فعال رہے گی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبائی کابینہ یا تنظیمی ڈھانچے میں اگلے احکامات تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹر نور الحق قادری، جو کے پی میں پارٹی کے سینیئر نائب صدر ہیں، جنید اکبر کی غیر موجودگی میں صوبائی کابینہ کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری علی اصغر کو بھی اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جن کے تحت وہ سینیئر نائب صدر کی غیر موجودگی میں اجلاسوں کی صدارت کرنے کے مجاز ہوں گے۔

انہیں صوبائی تنظیم کے دیگر درجوں کے اجلاس بلانے اور ان کی صدارت کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔ علی اصغر تنظیم کے انتظامی امور، رابطہ کاری اور سپرویژن کی مکمل نگرانی کریں گے تاکہ پارٹی پالیسیوں، حکمت عملیوں اور فیصلوں کا مؤثر نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔ یہ نوٹیفیکیشن چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے دستخط سے جاری کیا گیا۔

Back to top button