صدر ٹرمپ نے علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور فیصلہ کن کردار کی تعریف کی : آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ پیچیدہ علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت اور فیصلہ کن کردار کی تعریف کی ہے، جب کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی سطح پر درپیش پیچیدہ چیلنجز کو سمجھنے اور حل کرنے کی صدر ٹرمپ کی بصیرت اور قیادت کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کےمطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی،اعلیٰ سطح کی یہ ملاقات کابینہ روم میں ظہرانے کےدوران ہوئی،جس کےبعد اوول آفس کا دورہ بھی کیاگیا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ امریکی وزیر خارجہ سینیٹر مارکو روبیو اور مشرق وسطیٰ کے امور کےلیے امریکی خصوصی نمائندے مسٹر اسٹیو وٹکوف موجود تھے جب کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ پاکستان کے مشیرِ قومی سلامتی بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات کےدوران فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے حالیہ علاقائی بحران میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں سہولت کاری پر صدر ٹرمپ کے تعمیری اور نتیجہ خیز کردار پر دلی شکریہ ادا کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی سطح پر درپیش پیچیدہ چیلنجز کو سمجھنے اور حل کرنے کی صدر ٹرمپ کی بصیرت اور قیادت کو سراہا۔
صدر ٹرمپ نے علاقائی امن و استحکام کےلیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعاون کو سراہا،فریقین نے انسداد دہشت گردی کےمیدان میں تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بات چیت میں تجارت،اقتصادی ترقی،معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی، کرپٹو کرنسی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر بھی غور کیاگیا۔
صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ ایک طویل المدتی اسٹریٹجک ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی مفاد پر مبنی تجارتی شراکت داری قائم کرنےمیں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
آئی ایس پی آر کےمطابق دونوں رہنماؤں نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور مسئلے کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر ٹرمپ نے موجودہ پیچیدہ علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور فیصلہ کن کردار کی تعریف کی،ملاقات کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حکومت پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو باہمی طور پر موزوں تاریخ پر پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
فیلڈمارشل عاصم منیرسے ملاقات میرے لئےاعزازہے،امریکی صدر
آئی ایس پی آر کےمطابق اگرچہ ملاقات ایک گھنٹے کےلیے طے تھی،تاہم یہ 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی،جو اس مکالمے کی گہرائی اور دوستانہ ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ ملاقات پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانےکی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے،جو امن،استحکام اور خوش حالی کے مشترکہ اہداف پر قائم ہے۔