مستقبل میں مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کا امکان ہے،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران متفق ہو گیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، جبکہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای بھی امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں شامل ہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں ان کی مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کا امکان موجود ہے۔

صدر ٹرمپ نےپوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایران پہلے ہی اس بات پر رضامندی ظاہر کر چکا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا، ایران کی اعلیٰ قیادت امریکا کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں اور مذاکرات میں کردار ادا کررہی ہے۔

امریکی صدر نے لبنان کے معاملے پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ اختلافات کا بھی اعتراف کیا۔

ڈونلڈٹرمپ نے کہا کہ لبنان میں اسرائیل کی مسلسل فوجی کارروائیوں پر وہ خوش نہیں تھے اور اس حوالے سے ان کی نیتن یاہو کے ساتھ سخت گفتگو بھی ہوئی۔

ٹرمپ نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ میں غصے میں تھا، لیکن لبنان کے ساتھ مسلسل لڑائی پر مجھے تشویش ضرور تھی۔” تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اختلافِ رائے کے باوجود ان کے اور اسرائیلی وزیراعظم کے تعلقات بدستور اچھے ہیں اور دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے برقرار ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ  کے بیانات کو ایران کے جوہری پروگرام، امریکا-ایران مذاکرات اور خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

 

 

Back to top button