ٹرمپ نےایران کو دنیاکےنقشےسےمٹانےکی دھمکی دیدی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے پروجیکٹ فریڈم کے تحت جہازوں پر حملے کیے تو اسے دنیا کے نقشے سے مٹادیں گے۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے مذاکرات میں کافی لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ خطے میں امریکا کی فوجی تیاری جاری ہے۔ ہمارے پاس اعلیٰ معیار کے ہتھیار، گولہ بارود اور ساز و سامان موجود ہے۔ ہمارے دنیا بھر میں اڈے ہیں، وہ سب ساز و سامان سے لیس ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم اس تمام سامان کو استعمال کرسکتے ہیں، ضرورت پڑی تو ضرور کریں گے۔
واضح رہے کہ ایران کی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں اصول و ضوابط کی خلاف ورزی اور انتباہ کے باوجود اپنی سمت تبدیل نہ کرنے والے امریکی جہاز پر میزائل حملہ کردیا۔
ایرانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بحیرۂ عمان اور آبنائے ہرمز کے قریب امریکی نیوی کے ڈسٹرائرز کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی تھی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی جہازوں نے مبینہ طور پر اپنی ریڈار سسٹمز بند کر کے خفیہ انداز میں آبنائے ہرمز کے قریب آنے کی کوشش کی جو خطے کی سیکیورٹی کے لیے خطرناک اقدام سمجھا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ جیسے ہی امریکی جہازوں نے دوبارہ اپنے ریڈار فعال کیے، ایرانی بحریہ نے فوری طور پر انہیں شناخت کر لیا اور ریڈیو کے ذریعے خبردار کیا کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔
ایرانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی جہازوں نے ریڈیو پر دی گئی اس وارننگ کو نظر انداز کیا۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر ایرانی بحریہ نے مزید سخت پیغام دیتے ہوئے امریکی جہازوں کے قریب کروز میزائل، راکٹ اور جنگی ڈرونز کے ذریعے “وارننگ شاٹس” فائر کیے تاکہ انہیں علاقے سے دور رہنے پر مجبور کیا جا سکے۔
