یواےای کاآئل ٹینکرپرایران کے ڈرون حملے کادعویٰ

متحدہ عرب امارات نےدعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہُرمُز میں ایران نے اس کے آئل ٹینکر پر 2 ڈرونز فائر کیے ہیں تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی پاسداران کی طرف سے تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانا اور آبنائے ہرمز کو اقتصادی جبر یا بلیک میلنگ کے طور پر استعمال کرنا بحری قزاقی ہے۔
دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی افواج آبنائے ہرمز میں داخل ہونے یا وہاں آپریشن کرنے کی کوشش کریں گی تو انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ بیان ایرانی فوج کی جانب سے اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کے لیے بحری مشن کا اعلان کیا۔
ایرانی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ کی سیکیورٹی مکمل طور پر ایران کی مسلح افواج کے ہاتھ میں ہے اور یہاں سے گزرنے والی ہر قسم کی بحری آمد و رفت کو ایرانی افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ انجام دینا ہوگا۔
بیان میں تجارتی جہازوں اور تیل بردار ٹینکرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بغیر اجازت یا رابطے کے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ اس سے ان کی سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
