ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر اقوام متحدہ کی پابندیاں بحال

اقوام متحدہ نے ایران کے نیوکلیئرپروگرام پر عالمی پابندیاں عائد کر دی ہیں

تفصیلات کے مطابق عالمی پابندیوں کا اقدام برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے سلامتی کونسل میں اس مؤقف کے بعد اٹھایا گیا کہ ایران نے 2015 کے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایران ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا۔

اس اقدام سے ایران پر پابندیوں کے حوالے سے 2006 سے 2010 کے درمیان منظور ہونے والی سلامتی کونسل کی پرانی قراردادیں دوبارہ نافذ ہو گئیں۔

یورپی وزرائے خارجہ نے کہا کہ ایران اور تمام ممالک کو ان قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کرنا ہوگا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی چیف کایا کالس نے بھی اعلان کیا کہ یورپی یونین فوری طور پر تمام جوہری پابندیاں دوبارہ نافذ کرے گی۔

اسرائیل نے اس فیصلے کو بڑی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے ہر ذریعہ استعمال کرنا ہوگا۔

Back to top button