امریکا کا چین پر ایران کو فوجی سازوسامان فراہم کرنے کا الزام

ایران کے معاملے پر امریکا اور چین سلامتی کونسل میں آمنے سامنے آگئے، امریکا نے چین پر ایران اور یمنی حوثیوں کو فوجی اور جوہری استعمال کے ساز و سامان کی فراہمی کا الزام عائد کردیا۔
اقوام متحدہ میں امریکی مندوب مائیک والٹز نے کہا چین ایران اور حوثیوں کو ایسے سامان کی فراہمی روکنے کے لیے کافی اقدامات نہیں کر رہا جو غیر شہری استعمال میں لائے جاسکیں، ایران اور حوثیوں کو سیٹلائٹ امیجری بھی فراہم کی جارہی ہے۔
دوسری جانب چین نے امریکی الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ایسی برآمدات پر سخت کنٹرول رکھتا ہے، امریکا کے ایران پر حملوں نے دنیا کو ایک خطرناک موڑ پر کھڑا کردیا ہے، امریکا مشرقِ وسطیٰ میں نئے تنازعات اور بدامنی پیدا کرنا بند کرے ۔
واضح رہے کہ ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ ایران کےجنوب میں حالیہ دنوں میں ہونے والے امریکی حملوں میں 2 خواتین سمیت 30سے زائد شہری شہید ہوئے۔
ایرانی وزارت صحت کے ترجمان حسین کرمان پور کے مطابق حملوں میں 260 سے زائدافراد زخمی ہوئے جن میں خواتین 18سال سےکم عمر بچے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والوں میں سے 222 افراد کو طبی امداد دینے کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا۔
